رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے جاری بیان:

مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جن میں انہوں نے اہلِ غزہ کی جبری ہجرت کا مطالبہ کیا۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس غیر انسانی بیان کی مذمت کی، جو بین الاقوامی قوانین اور تمام عالمی اصولوں کی صریح خلاف ورزی  ہے، اور جو فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور اپنی آزاد ریاست کے قیام کے خلاف کھلی جارحیت کا مظہر ہے۔

ڈاکٹر العیسی  نے امت مسلمہ کے علمائے کرام اور رابطہ عالم اسلامی کے تحت موجود اسلامی اقوام کی جانب سے سعودی وزارت خارجہ کے متعلقہ بیانات-بالخصوص 5 اور 9 فروری کے مؤقف-کی بھرپور تائید کی، جن میں فلسطینی ریاست کے قیام، مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم کرنے، اسرائیلی قبضے کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے امن پسند ممالک کو ترغیب دی گئی کہ وہ ریاستِ فلسطین کو تسلیم کریں تاکہ اسے اقومِ متحدہ  كی مكمل ركنيت حاصل ہو۔

ڈاکٹر العیسی نے فلسطینی کاز کی حمایت میں مملکت سعودی عرب کی کوششوں کو بھی سراہا، جو غزہ میں جاری ہولناک مظالم کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں مملکت کی میزبانی میں منعقدہ تاریخی سربراہی اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے جائز حقِ خود ارادیت اور اپنی آزاد ریاست کے قیام کے لیے متحرک کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

Monday, 10 February 2025 - 13:26