مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی قابض حکومت کے غزہ پٹی پر مکمل طور پر دوبارہ قبضہ کرنے کے منصوبے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اس خطرناک فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے تمام مواقع کو سبوتاژ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ قابض حکومت کی ان پالیسیوں کا تسلسل ہے جو فلسطینی عوام کی زندگیوں اور وقار کو نظر انداز کرتی ہیں، اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر العیسی نے اس فیصلے کے تباہ کن نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ کے رہائشی محاصرے، فاقہ کشی اور جبری نقل مکانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے رابطہ عالم اسلامی کی فوری اپیل کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور قابض حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی جنگی مشین کو روکنے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ مؤقف اختیار کرے، تاکہ ہمارے دور کے شدید ترین انسانی المیوں میں سے ایک کا خاتمہ ہو سکے
جمعہ, 8 August 2025 - 17:09