مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم، جناب انتھونی البانیز، کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے ملک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کی حکومت کے اس بیان کا بھی خیرمقدم کیا گیا ہے، جس میں ستمبر تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اورچیئرمین مسلم علماء کونسل ، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے رابطے کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں دونوں ممالک کی حکومتوں کے اس موقف کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کے تاریخی اور قانونی حق کے ساتھ ایک اہم اور درست قدم ہے، جو خطے میں جامع، منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔
ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا: ”تمام عالمی حکومتوں کو فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں، اور تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہو کر بین الاقوامی قانونی حیثیت کی حمایت کرنی چاہیے، تاکہ اس دردناک انسانی المیے اور اس کے خطے، عالمی برادری اور پوری دنیا پر پڑنے والے سنگین نتائج کا خاتمہ کیا جا سکے“۔
سوموار, 11 August 2025 - 19:30