سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے جدہ میں جمہوریہ ہند کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں بھارت میں تنوع اور ہم آہنگی کے عنوان سے ایک بین الاقوامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کے تصور پر تبادلۂ خیال ہوا، جب کہ باہمی دلچسپی کے کئی دیگر امور بھی زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی، جس میں متعدد بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔ ملاقات میں ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مکمل طور پر مسترد کرنے اور اس کی کسی بھی مذہب، نسل یا ثقافت سے وابستگی کے تصور کو قطعی طور پر رد کرنے کے مؤقف پر زور دیا گیا۔ اسی سیاق میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سعودی عرب کے حالیہ دورے کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کی اُن شقوں کی طرف اشارہ بھی کیا گیا، جن میں دہشت گردی کو کسی بھی نسل، مذہب یا ثقافت سے جوڑنے کی کسی بھی کوشش کو یکسر مسترد کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی اور اس کی مالی معاونت کے خلاف تعاون کو سراہا گیا، نیز سرحد پار دہشت گردی کی واضح اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
Wednesday, 23 April 2025 - 22:06