مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے جمہوریہ سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے ایک امدادی قافلے پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں کئی امدادی کارکن جاں بحق ہو گئے، جب کہ قیمتی امدادی سامان تباہ ہو گیا۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس مذموم حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی اداروں، ان کے کارکنان اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی اور انسانی قوانین و اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں، شہری تنصیبات، اور امدادی اداروں کے عملے کی حفاظت سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی جائے، اور امداد کو اس کے مستحقین تک بلا رکاوٹ پہنچنے کی مکمل ضمانت دی جائے۔
ڈاکٹر العیسی نے اس المناک واقعے پر اقوامِ متحدہ کے ساتھ رابطہ عالم اسلامی کی مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
Friday, 6 June 2025 - 03:28