مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی اعلیٰ سطحی کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی جانب سے جاری کردہ اس بیان کا پُرزور خیرمقدم کیا ہے جس میں فلسطینی مسئلے کے پُرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ پر زور دیا گیا ہے۔ اس مشترکہ قیادت کی نمائندگی مملکتِ سعودی عرب اور جمہوریہ فرانس کر رہے تھے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس امر پر زور دیا کہ رابطہ اور پوری مسلم دنیا، مملکتِ سعودی عرب کی قیادت میں، دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے بین الاقوامی اتحاد کی ان اہم اور مرکزی کاوشوں کو سراہتی ہے۔ یہ کانفرنس اسی اتحاد کے نمایاں ثمرات میں سے ایک تھی۔ اس اتحاد نے قلیل عرصے میں بین الاقوامی برادری کو فلسطینی عوام کے قانونی وانسانی حقوق اور منصفانہ مؤقف کی طرف متوجہ کر کے نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ڈاکٹر العیسی نے خطے میں جاری کشیدگی اور حالیہ افسوس ناک واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جن کے باعث اس تاریخی کانفرنس کو ملتوی کرنا پڑا۔ دنیا کو اس کانفرنس سے فلسطینی مسئلے کے پُرامن حل، دو ریاستی تصور کے عملی نفاذ، فلسطینی عوام کی دیرینہ مظلومیت کے خاتمے، اور غزہ میں شہریوں پر جاری انسانی المیے کے اختتام کی امید تھی۔
ڈاکٹر العیسی نے اس بیان میں غزہ میں جنگ کے خاتمے اور دو ریاستی حل کے ذریعے فلسطینی مسئلے کے ایک منصفانہ اور پائیدار حل کی جانب تمام جاری عالمی کوششوں کی مستقل، غیر متزلزل اور بھرپور حمایت کے اعادے کو بھی سراہا۔
Wednesday, 18 June 2025 - 15:13