مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع ایک گرجا گھر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، رابطہ نے اپنی رکن اسلامی اقوام کے متفقہ مؤقف کی ترجمانی کرتے ہوئے ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کو واضح اور دو ٹوک الفاظ میں مسترد کیا ہے، چاہے وہ کسی بھی شکل یا جواز کے تحت ہو۔ بیان میں اس افسوسناک سانحے کے متاثرین سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رابطہ شام کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہر اس اقدام کی شدید مخالفت کرتی ہے جو ملک کے امن واستحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے۔
رابطہ نے حکومتِ شام، اس کے عوام، اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار كرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔
Monday, 23 June 2025 - 14:59