رابطہ عالم اسلامی نے دنیا بھر کے عدل وامن کے علمبردار ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو فوری نجات دلانے کے لیے آگے بڑھیں اور حق وانصاف اور بین الاقوامی قانونی جواز کا ساتھ دیں

بیان

مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے دنیا بھر کے عدل وامن کے علمبردار ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو فوری نجات دلانے کے لیے آگے بڑھیں اور حق وانصاف اور بین الاقوامی قانونی جواز کا ساتھ دیں۔ رابطہ نے اس ضمن میں اس اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی دستاویز کی بھرپور حمایت کی دعوت دی ہے، جو فلسطینی مسئلے کے پُرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ اس کانفرنس کی میزبانی مملکت سعودی عرب نے فرانس کے اشتراک سے کی، ایسے نازک وقت میں جب فلسطینی علاقوں کی صورتحال نہایت سنگین رخ اختیار کر چکی ہے، اور ایک انتہا پسند حکومت کی پے در پے زیادتیاں، جیسا کہ اقوام متحدہ کی متعدد رپورٹوں میں درج ہے، خطے اور پوری عالمی برادری کے لئے ایک حقیقی اور خطرناک چیلنج بن چکی ہیں۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے زور دیا کہ اس کانفرنس نے دو ریاستی حل کے لیے جو واضح راہ متعین کی ہے، اس پر فوری، مؤثر اور فیصلہ کن پیش رفت ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رابطہ عالم اسلامی اپنے تمام مذہبی، فکری اور سماجی شراکت داروں، خصوصاً عالمی مذہبی قیادت کے ساتھ مل کر اس تاریخی دستاویز کی بین الاقوامی سطح پر بھرپور تائید اور حمایت کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ڈاکٹر العیسی نے اس امر پر زور دیا کہ یہ دستاویز ایک تاریخی موقع فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے نہ صرف اس تباہ کن جنگ کو روکا جا سکتا ہے، بلکہ دو ریاستی حل کو نافذ کرکے خطے میں ایک عادل، جامع اور دیرپا امن کا خواب بھی حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔

اتوار, 3 August 2025 - 10:42